ریاض(آئی این پی ) سعودی عرب میں موسم سرما کے موقع پر شہریوں کو دنیا کے سب سے بہترین اور لگژری بحری جہاز کی سیر کرائی جائے گی، اس سلسلے میں سعودی کمپنی نے معاہدہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی کمپنی نے کہا ہے کہ سال رواں کے موسم سرما کے دوران بحیرہ احمر اور خلیج عرب میں کروز سروس مہیا کی جائے گی۔ سعودی کمپنی کروز نے ایم ایس سی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ سعودی کروز کمپنی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ماتحت ہے، ایم ایس سی میجنی ویکا 13 نومبر 2021 کو جدہ سے سات روزہ کروز سروس کا آغاز کرے گی۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ سروس میں جدہ سے مختلف سمندری ٹورز ہوں گے، اس دوران کروز کے مسافروں کو بحیرہ احمر کے ساحلی مقامات پر واقع سیاحتی مراکز اور بندرگاہوں کی سیر کرائی جائے گی۔ بعد ازاں کروز کے مسافروں کو العلا لے جایا جائے گا وہاں الوجہ بندرگاہ میں بھی قیام ہو گا۔ علاوہ ازیں پانچ دسمبر سے جدہ میں فارمولا ون سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ یہ جدہ میں فارمولا ون کی پہلی ریس ہوگی۔ ایم ایس سی ویٹوزا کروز بھی چلایا جائے گا۔ یہ ہفتے میں ایک بار دمام کا سفر کرے گا۔ ایم ایس سی ویٹوزا دو دسمبر2021 سے 24مارچ 2022 تک سمندری سیر کرائے گا۔ ایم ایس سی نے خلیج عرب میں موسم سرما کا شاندار سیاحتی پروگرام تیار کرلیا ہے۔ اس کے تحت الاحسا کے نخلستان اور خطے کے دلکش سیاحتی مقامات دکھائے جائیں گے۔ سعودی کروز کمپنی کے عہدیدار فواز فاروقی نے بتایا کہ سعودی کروز نے ایم ایس سی کروز کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس کی بدولت مستقبل میں سعودی عرب کے لیے کروز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں