ریاض (پی این آئی) سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی کی جانب سے ٹویٹر پرجاری ایک بیان میں سوشل میڈیا پرکافی گرما گرم بحث جاری ہے اور اس بیان کے بعد فضائی سروس کی مکمل بحالی کے حوالے سے بھی کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی قومی ایئرلائن کی طرف سے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ بیان میں کہا گیا کہ عن قریب سعودی عرب کی بین الاقوامی سطح پر پروازیں بغیر کسی پابندی اور قیود کے بحال ہو رہی ہیں۔اس پرٹویٹر پرشہریوں کی طرف سے حوصلہ افزا رد عمل سامنے آیا ۔سعودی فضائی کمپنی نے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ بیان میں اشارہ کیا کہ مملکت کی بین الاقوامی پروازیں جلد بحال ہوں گی اور بغیر کسی رکاوٹ کے فضائی آمدو رفت شروع ہوگی۔فلائٹ آپریشن کی بحالی کے حوالے سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب دوسری طرف کرونا وبا جاری ہے تاہم اب سعودی عرب اور کئی دوسرے ملکوں میں کرونا ویکسین لگائی جار ہی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے سعودی ایئرلائن کے معاون برائے ڈائریکٹر جنرل خالد بن عبدالقادر طاش نے کہا کہ سعودی ایئرلائن پانچ شوال بہ مطابق 17 مئی 2021 سے آزادانہ طور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی بھی ایسا ہی ایک بیان جاری کرچکی ہے۔سعودی عرب میں فضائی کمپنی کے عہدیدار نے کہا کہ توقع ہے کہ پانچ شوال سے سعودی عرب کی بین الاقوامی پروازوں پر عاید کردہ پابندیاں ختم ہوجائیں گی اور عالمی سطح پر سعودی عرب کی فضائی سروس بحال ہوجائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں