رمضان میں بلااجازت عمرہ ادا کرنے پر10ہزار ریال جرمانہ عائد

ریاض(آئی این پی) سعودی حکومت نے رمضان المبارک میں بلااجازت عمرہ کیلئے جانے والوں پر10ہزار ریال جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں اجازت کے بغیر عمرہ کی ادائیگی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جو بھی شخص اجازت نامے کے بغیر عمرہ ادا کرنے جائے گا اسے 10ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق حکومت

رمضان المبارک میں صرف ان لوگوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے گی جو کورونا ویکسین لگواچکے ہوں گے لہذا جن کو عمرہ ادا کرنے کیلئے حکومتی اجازت نامہ درکار ہے ان کے لیے لازم ہے کہ وہ کورونا کی 2ویکسین لازمی لگوائیں۔سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صرف عمرہ نہیں بلکہ حرم شریف میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے لیے بھی اجازت نامہ درکار ہوگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ؐمیں نماز ادا کرنے والے افرد کے لیے بھی کورونا کی 2ویکسین لگوانا لازم ہیں، خلاف ورزی کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق یہ پابندیاں رمضان المبارک میں زیادہ رش کے سبب کورونا وبا کے پھیلائو کو کم کرنیکیلئے لگائی گئی ہیں اور ان پر عمل درآمد کروانے کیلئے سخت سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔وزارت داخلہ نے سعودیوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنا چاہتے ہوں یا نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد الحرام جانے کے خواہش رکھتے ہوں ان کیلئے اجازت نامہ لینا ضرری ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکار تمام شاہراہوں، چیک پوسٹوں اور حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت نامے چیک کریں گے اور مقررہ نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حرم شریف جانے سے روکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close