عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کیلئے کورونا ویکسین لازمی قرار

مکہ مکرمہ(آئی این پی)سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ یکم رمضان منگل 13اپریل سے مسجد الحرام میں نماز، عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے اجازت نامے مشروط جاری کیے جائیں گے،یہ اجازت نامے ان امیدواروں کو دیے جائیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے یا پہلی خوراک پر 14دن گزر چکے ہوں گے،سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت حج وعمرہ کے عہدیدار نے بتایا کہ اعلی قیادت نے

مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی کے زائرین اور ان کی خدمت پر مامور اہلکاروں کی صحت و سلامتی کی خاطر مکہ مکرمہ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اور نماز پڑھنے والوں کی تعداد کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے تین نکاتی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے،یکم رمضان سے عمرہ مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی کی زیارت کے اجازت نامے ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کو جاری کیے جائیں گے یا ایسے لوگوں کو اجازت نامے دیے جائیں گے جنہیں پہلی خوراک لیے 14دن گزر چکے ہوں گے،علاوہ ازیں کورونا بیماری سے صحت یابی کے باعث وائرس سے محفوظ ہوجانے والوں کو بھی اجازت نامے جاری ہوں گے، عمرہ، نماز اور زیارت کے اجازت نامے(اعتمرنا) اور (توکلنا)ایپس کے ذریعے جاری ہوں گے، زائرین تاریخ اور وقت کا انتخاب مہیا آپشن کے حوالے سے کریں گے جبکہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے صرف اتنی تعدداد میں لوگوں کو اجازت نامے جاری ہوں گے جن کی موجودگی سے ایس او پیز پر عمل درآمد متاثر نہ ہوتا ہو،اجازت نامے توکلنا ایپ کے ذریعے چیک کیے جائیں گے،وزارت کے عہدیدار نے ہدایت کی کہ عمرہ، نماز اور زیارت کے اجازت ناموں کے لیے منظور شدہ اصل پلیٹ فارم اعتمرنا اور توکلنا ایپس ہیں، کوئی بھی شخص فرضی ویب سائٹس یا عمرہ، نماز و زیارت کرانے والوں کے چکر میں نہ پڑے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں