رواں سال رمضان المبارک کا مہینہ 29دن پر مشتمل ہو گا یا 30دن پر۔؟؟ ماہرین فلکیات نے پیشنگوئی کر دی

دبئی( پی این آئی) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے سحر و افطار کے اوقات کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 60 لاکھ سے زائد مسلمان موجود ہیں، اس مُلک میں اسلامی تہوار بہت زیادہ مذہبی جوش و خروش سے منائے جاتے ہیں۔ تاہم سب سے زیادہ اہمیت رمضان المبارک کی ہوتی ہے جس کا یہاں پر مقیم غیر ملکیوں سے بھی احترام کروایا جاتا ہے۔عوامی مقامات پر بھی کھانے پینے پر پابندی پر بھی

سختی سے عمل کروایا جاتا ہے۔ کیونکہ ماہِ رمضان کو تمام اسلامی مہینوں میں فضیلت حاصل ہے۔ یہ رحمتوں ، برکتوں اور فضائل سے بھرا مہینہ مسلمانوں کی شفاعت و مغفرت اور نیکیاں سمیٹنے کا مہینہ ہے، روح کی پاکیزگی حاصل کرنا بھی اس مہینے میں ممکن ہو جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ مومنین کو اس مہینے کا بے تابی سے انتظار ہوتا ہے۔تاہم اب امارات میں مقیم افراد کا انتظار ختم ہونے والا ہے۔ مشہور اماراتی ماہر فلکیات اور عرب یونین فار آسٹرولوجی اینڈ سپیس سائنسز کے رُکن ابراہیم الجروان نے بتایا ہے کہ امارات میں رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے میں اب کم دن رہ گئے ہیں۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ امارات میں رمضان کا ہلال 12 اپریل 2021ء کو 6:31 منٹ پر دکھائی دے گا۔ اس لحاظ سے پہلا روزہ 13 اپریل 2021ء (بروز منگل)کو ہونے کا بھرپورامکان ہے۔تاہم اس معاملے میں حتمی اعلان رویت ہلال کے بعد ہی کیا جائے گا۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے اوقات کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امارات میں روزہ 14 گھنٹے طویل ہوگا، یکم رمضان کو سحری کا وقت صبح 4 بج کر 43 منٹ پر ختم ہو گا، جبکہ افطار شام 6 بج کر 47 منٹ پر ہوگا۔ جبکہ امارات میں 30 رمضان تک روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 46 منٹ ہو جائے گا۔30 رمضان کو سحری کا وقت صبح 4 بج کر 15 منٹ پر ختم ہوگا، جبکہ افطار شام 7 بج کر 1 منٹ پر ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ امارات میں رمضان کا مہینہ 30 روزوں پر مشتمل ہونے کا امکان ہے۔ اس بار یکم شوال کا چاند 11 مئی 2021 کو طلوع ہو گا تاہم یہ 12 مئی منگل کے روز ہی دکھائی دے گا، جس کی وجہ سے عید الفطر 13 مئی 2021ء کو ہونے کا امکان ہے جبکہ یکم ذی الحجہ کا چاند10 جولائی 2021ء کو دکھائی دے سکتا ہے، ایسا ہونے پر عید الاضحی یعنی 10 ذی الحجہ 20 جولائی بروز منگل ہو گی۔ جبکہ حج ایک روز قبل 19جولائی کو ہو گا۔جبکہ یکم ہجری 10 اگست بروز منگل کو ہونے کا بھرپور امکان ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں