آب ِ زم زم کی سپلائی پر عارضی پابندی ختم ، امامِ کعبہ نے پوری دنیا کے مسلمانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

مکہ مکرمہ(پی این آئی) مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ عالم اسلام کے لیے مقدس ترین مقامات ہیں۔ جہاں حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے ہر سال ایک کروڑ سے زائد لوگ آتے ہیں۔ تمام زائرین وطن واپسی پر آب زم زم اپنے ساتھ ضرور لے کر جاتے ہیں کیونکہ یہ متبرک پانی شفاء بخش ہے اور جسمانی و روحانی طہارت کا

ذریعہ بھی بنتا ہے۔گزشتہ کچھ عرصے سے مکہ مکرمہ میں زم زم کی سپلائی عارضی طور پر بند کر دی گئی تھی۔تاہم اس حوالے سے اب خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ امام کعبہ اور حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا ہے کہ آج بروز منگل 23 مارچ سے زم زم سپلائی کرنے والا ادارہ کھول دیا گیا ہے۔ زم زم حاصل کرنے کے خواہش مند اس ادارے میں جا کر متبرک پانی حاصل کر سکتے ہیں۔فی الحال اس ادارے کے اوقات محدود رکھے گئے ہیں۔ دوپہر 1 بجے سے 9 بجے تک یہاں پر آب زم زم خریدا جا سکے گا۔ادارے کی بلڈنگ میں بیک وقت 60افراد کا داخلہ ہو سکے گا۔ باقی افراد کو اندر موجود افراد کے باہر آنے کا انتظار کرنا ہو گا۔ ہر شخص زم زم کی چار بوتلیں خرید سکتا ہے۔ فی بوتل قیمت 5.50 ریال مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ گھرانے کے افراد کی تعداد کے حساب سے بھی زم زم کا 15 روزہ کوٹہ مقرر کیا جائے گا۔ یہاں آنے والے تمام خریداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز (ماسک پہننا، سماجی فاصلہ اختیار کرنا اور ہاتھوں کی سینیٹائزیشن) کی مکمل پابندی کریں گے۔واضح رہے کہ بیرون ملک سے آنے والے ہر مسلمان زائر کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے عزیز و اقارب کے لیے آب زم زم کی زیادہ سے زیادہ مقدار اپنے ساتھ لے کر جائے، تاہم سعودی حکام کی جانب سے سفری تقاضوں کے باعث اس کی ایک مقدار مقرر کی گئی ہے۔بین الاقوامی مسافروں کی سہولت کے لیے جدہ کے انٹرنیشنل ٹرمنلز پرزم زم سپلائی سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں مخصوص پیکٹوں میں آب زم زم مسافروں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ان سینٹرز سے ایک مسافر ایک پیکٹ خرید سکتا ہے۔ آب زم زم پیکٹ خریدتے وقت سپلائی سینٹر میں مسافر کا پاسپورٹ چیک کیا جاتا ہے۔ سعودی سول ایوی ایشن کے منظور شدہ قواعد کے تحت ایئرپورٹس پر بنے آب زم زم سپلائی سینٹر میں 5 لیٹر کا ایک پیک مسافر کو مفت لے جانے کی اجازت ہوتی ہے، اس کے علاوہ دیگر پیکٹوں پر اضافی کارگو کا چارج دینا ہوتا ہے سفری تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے پانچ لیٹر آب زم زم کے لیے خصوصی بوتلیں تیار کرائی گئیں جنہیں مخصوص ’گتے‘ کے ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے۔ آب زم زم سامان میں یا بکسوں میں پیک کرکے لے جانے کی اجازت نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close