برن(آئی این پی) سوئٹزر لینڈ پولیس کی مشہور افریقی گانے پر ڈانس کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی جس کے بعد مختلف ممالک کی پولیس نے اس گانے پر رقص کرنا شروع کردیا۔سوئٹزر لینڈ پولیس کی یہ ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر چند روز قبل سامنے آئی جس میں مشہور افریقی گانے پر رقص کیا جارہا ہے۔ ویڈیو میں
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے افسران ہم آہنگ ہو کر تھرکتے دکھائی دے رہے ہیں۔یہ ویڈیو مختلف ویڈیوز کا مجموعہ ہے جس میں فیلڈ میں کام کرنے والے اہلکار، دفاتر میں بیٹھے افسران اور مانیٹرنگ اسکرینز کے سامنے موجود سیکیورٹی عملہ ڈانس کر رہا ہے۔یہ ویڈیو بے حد وائرل ہوئی تاہم اس کی مقبولیت میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب آئرلینڈ پولیس کو اسے بطور چیلنج قبول کرنے کا کہا گیا۔پرتگال میں مقیم ایک آئرش ریڈیو جوکی (آر جے) فرینکی بیٹس نے ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سوئس پولیس نے اس مشکل وقت میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ خاص کرنے کا فیصلہ کیا، کیا آئرش پولیس بھی اس چیلنج کو قبول کرے گی؟اس ٹویٹ کو متعدد افراد نے ری ٹویٹ کیا یہاں تک کہ سوئس پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکانٹ سے بھی کہا گیا کہ وہ اس چیلنج کو پورا کیے جانے کے منتظر ہیں۔صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہوگئی جب آئر لینڈ کے ڈپارٹمنٹ آف جسٹس نے بھی اپنے اکانٹ سے ٹویٹ کیا اور آئر لینڈ پولیس کو اکساتے ہوئے اس چیلنج کو پورا کرنے کا کہا۔بالآخر آئرش پولیس کے ٹویٹر اکانٹ پر ٹویٹ کیا گیا اور کہا گیا کہ ہمیں چیلنج قبول ہے۔تاحال آئرش پولیس نے اپنے ڈانس کی ویڈیو جاری نہیں کی، قیاس ہے کہ پولیس افسران ڈانس اسٹیپس کی تیاریوں میں مصروف ہوں گے، تاہم ٹویٹر پر ہونے والی اس گفتگو سے دنیا بھر کے افراد محفوظ ہوئے۔یہی
نہیں مختلف ممالک کی پولیس نے بھی اس ڈانس چیلنج کو پورا کرنا شروع کردیا۔فرینکی بیٹس نے ہی مختلف ویڈیوز ٹویٹ کیں جن میں سے ایک فرانسیسی پولیس اور ایک جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ کی پولیس کی ہے جس میں پولیس اہلکار اس گانے پر ڈانس کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ افریقی زبان کا یہ گانا سنہ 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کے بعد فروری 2020 میں چند افریقی نوجوانوں نے اس پر ڈانس کیا جس کی ویڈیو بے حد وائرل ہوئی تھی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں