روم(آئی این پی)اٹلی میں ایک اسپتال کے باہر زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑ گیا، اسپتال میں موجود کووڈ مریضوں کو ہنگامی طور پر اسپتال سے باہر نکالا گیا۔یہ واقعہ اٹلی کے شہر نیپلز میں پیش آیا جہاں صبح 6 بجے کے قریب ایک اسپتال کے باہر پارکنگ ایریا کی زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا
گڑھا پڑگیا۔22 ہزار اسکوائر فٹ پر محیط یہ گڑھا 66 فٹ گہرا تھا، زمین دھنسنے سے وہاں موجود سینکڑوں گاڑیاں گڑھے میں گر گئیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔مذکورہ مقام کے قریب اسپتال کا کووڈ وارڈ تھا جہاں سے کرونا مریضوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، زمین دھنسنے سے علاقے کی فراہمی آب اور بجلی بھی معطل ہوگئی۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ زمین کے نیچے کسی ارضیاتی گڑبڑ کی وجہ سے ہوسکتا ہے، مقامی مجسٹریٹ کی ہدایت پر یہاں تکنیکی ماہرین کو طلب کیا گیا ہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے حادثے کا سبب کیا تھا۔انتظامیہ کے مطابق شہر میں دو ہفتے قبل موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں اور اس کے باعث زمین کے نیچے پانی کی سطح میں اضافہ اس حادثے کا سبب ہوسکتا ہے۔پولیس کتوں کی مدد سے مذکورہ مقام کا جائزہ لے رہی کہ کہیں کوئی شخص اس جگہ پھنسا ہوا نہ ہو۔نیپلز کا مذکورہ اسپتال کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کا اہم مرکز تھا تاہم اس وقت یہاں کووڈ کے صرف 6 مریض زیر علاج ہیں۔ سعودی عرب کا قطر کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان، بکنگ جاری ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ پڑوسی ملک قطر کے لیے بندش کی شکار اپنی فضائی سروس دوبارہ بحال کر رہا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دوحا کے لیے ان کی پہلی پرواز جدہ
و قطر سے 11 جنوری کو روانہ ہوگی۔ مذکورہ اعلان سعودی عرب کی قومی ایئر لائنز السعودیہ کی جانب سے ٹوئٹر پر کیا گیا۔ اس نے مطلع کیا کہ مذکورہ منزل کے لیے ٹکٹ کی بکنگ بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں گزشتہ تین برس سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بحرین اور مصر کی جانب سے قطر پر عائد پابندی کو اب اٹھالیا گیا ہے۔ پابندی اٹھائے جانے کے بعد سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے پڑوسی ملک قطر کے ساتھ اپنی زمینی، بحری و فضائی سرحدوں کو کھول رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں