موسم سرما کا آغاز، کئی علاقوں میں برفباری کی پیشنگوئی، ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے

ریاض(پی این آئی ) سعودی عرب میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔خصوصاً گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارش کے باعث درجہ حرارت بہت نیچے آ گیا ہے۔محکمہ موسمیا ت نے خبردار کیا ہے کہ کل اتوار سے مملکت میں سردی کی شدید لہر آ رہی ہے جس کے باعث کئی شہروں میں پارہ منفی 2ڈگری تک پہنچ جائے گا۔

اس دوران شدید سرد ہوائیں چلیں گی ، جبکہ کئی علاقوں میں برف باری بھی ہو گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے ممکنہ طور پر ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔کل ریاض، القصیم، حائل، الجوف، حفر الباطن، رفحا، عرعر اور العویقیلہ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی برفباری شروع ہونے کا بھرپور امکان ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، شمالی ریجن اور ریاض کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی اور برفباری کی اس لہر سے مملکت کے شمالی علاقوں میں پارہ 5 ڈگری سے منفی ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بار سعودی عرب میں سردی کئی سال پُرانا ریکارڈ سکتا ہے۔ سعودی عرب کے سردعلاقوں کے مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرم ملبوسات نکال لیں تاکہ سردی سے بچاؤ ہو سکے۔اگلے چند روز میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔

close