27سال بعد فتح مل گئی، آذر بائیجان نے آرمینیا کے خالی کردہ تمام علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا

لاہور (پی این آئی) آذربائیجان نے امن معاہدے کے بعد آرمینیا کے خالی کردہ تمام علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق آذربائیجان کی وزارتِ دفاع کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں لاچن ضلع میں کئی ٹرک داخل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں جن پر

آذربائیجان کے پرچم لہرا رہے ہیں۔جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق لاچن ضلع میں آذربائیجان کے فوجی ٹرکوں اور روسی گاڑیوں کوداخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔ روس کے تعاون سے آرمینیا اور آذربائیجان نے گزشتہ ماہ جنگ بندی کا معاہدہ کیا تھا۔ معاہدے کے تحت آرمینیا نے متنازع علاقے ناگورنو کاراباخ کے تین اضلاع اغدم، لاچن اور کالباجار کو آذربائیجان کے حوالے کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔آغدام اور کالباجار کی طرح لاچن کے رہائشیوں نے بھی آذربائیجان کی فوج کے داخل ہونے سے پہلے علاقے سے نقل مکانی کر لی ہے جب کہ بعض رہائشیوں نے گھر بار چھوڑنے سے پہلے اُنہیں آگ بھی لگا دی تھی۔ واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان چھ ہفتے کی جنگ کے بعد 9نومبر کو امن معاہدہ طے پایا تھا ۔ اس جنگ میں آذربائیجان کی فوجوں نے مقامی علیحدگی پسندوں کو شکست دی اور دھمکی دی تھی کہ وہ سٹیپناکارٹ کی جانب پیش قدمی کریں گے۔آرمینیا اور آذربائیجان کےدرمیان ہونے والے امن معاہدے کے مطابق آرمینیا ان سات اضلاع کا کنٹرول چھوڑ دے گا جنہیں اس نے 1990 کی دہائی میں ہونے والی جنگ کے دوران حاصل کیا تھا۔ س امن معاہدے کے بعد بہت سے آذربائیجانی جو اس علاقے کو چھوڑ گئے تھے وہ اب واپس آنے کا سوچ رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close