ریاض(پی این آئی) سعودی حکومت کی جانب سے قیدیوں کو کوڑوں کی سزا ختم کرنے کے حوالے سے جلد اعلان متوقع ہے۔ سعودی اخبار عکاظ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جن قیدیوں کو عدالتوں کی جانب سے مختلف جرائم میں کوڑوں کی سزا سُنائی جا چکی ہے،انہیں اس سزا سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ سعودی نظام
انصاف میں اس حوالے سے ترامیم کی جا رہی ہیں جن کا جلد اعلان کیاجا سکتا ہے۔اس فیصلے کے نافذ ہونے کے بعد جن قیدیوں کو کوڑوں کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں، اس کے بدلے میں ان کی سزاؤں کی مُد ت میں اضافہ کر دیا جائے گا یا پھر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے رواں سال کے آغازمیں ہی فیصلہ دیا گیا تھا کہ مملکت سے کوڑے مارنے کی سزا ختم کر دی جائے اور اس سلسلے میں نظام انصاف میں اہم ترامیم کی جائیں۔سپریم کورٹ کے اعلیٰ ترین ٹربیونل کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ مجرموں کو کوڑے مارنے کی بجائے، قید، جرمانے یا دیگر سزائیں دی جائیں۔سعودی حکومت کی جانب سے رواں سال کے دوران ہی یہ اعلان کیا گیا تھا کہ نابالغ مجرموں کو کسی بھی کیس میں سزائے موت نہیں دی جائے گی۔ اس کی بجائے ان کی جیل کی سزا کی مُدت میں اضافہ کیاجا سکتا ہے۔اس حوالے سے تمام سعودی عدالتوں کو حکمنامہ جاری کیا گیا تھا کہ نابالغ افراد کو مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق کسی بھی کیس میں 10 بر س زیادہ قید کی سزا نہ دی جائے۔ اس فیصلے کو سعودی عرب سمیت دُنیا بھی کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بہت زیادہ سراہا تھا اور اسے سعودی عرب کے ایک معتدل ریاست بننے کی جانب اہم قدم قرار دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں