جدہ(پی این آئی ) سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں۔ جس کے بعد سے دُنیا بھر سے بھی عمرہ زائرین کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران 6 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے، اس
کے علاوہ 16 لاکھ سے زائد افراد حرم مکی میں باجماعت نماز ادا کر چکے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں سعودی عرب میں ہی مقیم مقامی اور تارکین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ اس مرحلے میں روزانہ کی بنیاد پر 6 ہزار افراد کو عمرہ کے ڈیجیٹل پرمٹ جاری کیے جاتے تھے۔ جس کے باعث84 ہزار افراد نے اس مرحلے پر عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔ جبکہ دوسرا مرحلہ یکم ربیع الاول سے شروع ہوا۔14 ربیع الاول تک جاری رہنے والے اس مرحلے میں 2 لاکھ 10 ہزار افراد نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔جبکہ 15 ربیع الاول سے شروع ہونے والے تیسرے مرحلے میں دیگر ممالک سے بھی عمرہ زائرین کی محدود تعداد کو آنے کی اجازت دی گئی تھی۔یہ تیسرا مرحلہ جو اب تک جاری ہے، اس میں اب تک 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد مقامی و غیر ملکی افراد عمرہ حاصل کر چکے ہیں۔ حرم مکی میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے بھی ڈیجیٹل پرمٹ جاری کیا جا تا ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب عالمی سطح پر کورونا کی اس موذی وبا پر قابو پا لیا جائے گاتو عمرہ پر سے مکمل پابندی اُٹھا لی جائے گی جس کے بعد حرمین شریفین کی رونقیں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی۔واضح رہے کہ 21 نومبر2020ء سے پاکستانی عمرہ زائرین بھی عمرہ کی سعادت کے لیے سعودی عرب جا سکیں گے۔اس حوالے سے عمرہ کمپنیوں اور سعودی حکومت کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ تاہم پاکستانیوں کو اس بار عمرہ پیکیج بہت مہنگے داموں دستیاب ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں