واشنگٹن (پی این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے پر جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے ری پبلکن حریف کو شکست دیدی۔امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے پر جارجیا کے ووٹوں کی ہاتھوں سے دوبارہ گنتی کی گئی جس میں جوبائیڈن ہی کامیاب قرار پائے۔
جارجیا میں کامیابی کے بعد جو بائیڈن کو 16 الیکٹورل ووٹس حاصل ہو گئے ہیں اور ان کے الیکٹورل ووٹس کی تعداد 306 ہو گئی ہے جب کہ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹس کی تعداد 232 ہے۔دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جارجیا اور مشی گن سمیت اہم ریاستوں میں الیکشن کے نتائج الٹنے کی کوششیں شروع کر دیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے ری پبلکن اہلکاروں پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے کہ نتائج کی توثیق کے عمل میں رکاوٹیں ڈالی جائیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست جارجیا میں ہاتھوں سے کی گئی گنتی میں بھی نومنتخب صدر جو بائیڈن ہی کو ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔دوسری جانب جو بائیڈن نے انتخابی عمل پر صدر ٹرمپ کی تنقید کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ہولناک اقدام قرار دے دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں