اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے پاکستانی فیصلے پر صدر محمود عباس نے وزیر اعظم عمران خان کو شکریے کا خط لکھ دیا

غزہ (این این آئی)فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مملکت پاکستان ہر پاکستانی کی طرح فلسطینیوں کے لیے بھی فخر و عزت کا باعث ہے۔فلسطینی صدر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو لکھے گئے خط میں امریکا کے دبائو کے باوجود فلسطین کی جدوجہد سے متعلق پاکستان کے غیر متزلزل موقف پر

اْن کا شکریہ ادا کیا۔صدر محمود عباس نے پاکستان کی ترقی و کامیابی، پاکستانی حکمرانوں اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔خط میں محمود عباس کا کہنا تھا کہ فلسطینی کاز سے متعلق پاکستان کی حمایت اور غیرمتزلزل موقف قابل تحسین ہے۔انہوں نے بڑے ممالک کے دبائو کے باوجود پاکستان کی فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ اتنے دبائو کے باوجود فلسطینی عوام کے لیے انصاف کا مطالبہ وزیراعظم پاکستان کی ہمت، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظہر ہے۔وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ہفتے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے امریکا اور ایک اور ملک کے دبائو کی بات کی تھی۔ تاہم وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین حل ہونے تک اسرائیل سے تعلقات کے قیام کو ناممکن قرار دیا تھا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close