اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان نے نگورنوکاراباخ کے خطے میں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہےاور کہا ہے کہ اپنے مقبوضہ علاقے آزاد کرانے پر برادر ملک آزربائیجان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان
نے مسلسل اقوام متحدہ سلامتی کونسل, عالمی قوانین کے مطابق نگورنو کاراباخ کے تنازعہ پر قرارداد کی حمایت کی ہے۔ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم فریقین کی جانب سے دشمنیوں کے خاتمہ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، روسی فیڈریشن کی پشتی بانی میں ہونے والا سہہ فریقی معاہدہ جنوبی قفقاز خطے میں تجدید شدہ موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے مقبوضہ علاقے آزاد کرانے پر برادر ملک آزربائیجان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ اس سے خطے میں استحکام اور خوشحالی کا ایک دور شروع ہو گا جس سے بے گھر افراد کی اپنے آباء و اجداد کی زمینوں میں دوبارہ واپسی کا راستہ ہموار ہو گا۔دوسری جانب آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشنیان نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی وسائل ختم ہونے کی وجہ سے معاہدہ کیا ہے اور یہ سمجھوتہ میرے لیے بھی تکلیف دہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فوج کے مشورے پر ہی امن کا معاہدہ کیا ہے جس کی وجہ فوجی وسائل ختم ہونا اور مزید تازہ دم فوجیوں کا نہ ہونا ہے، فوجی ایک ماہ سے لڑ رہے تھے جن کو آرام کی ضرورت تھی، اگر یہ معاہدہ نہ کرتے تو ہمیں مزید سنگین نتائج بھگتنا پڑتے۔آذربائیجان اور آرمینیا کے معاہدے کے مطابق آرمینیا کے قبضے سے چھڑائے گئے علاقے آذربائیجان کے پاس ہی رہیں گے اور دیگر نواحی علاقوں سے بھی آرمینیائی فوج پیچھے ہٹ جائے گی۔اس معاہدے کے رو سے حال ہی میں آرمینیا کے قبضے سے چھڑائے گئے علاقے ‘شوشا‘ کا بھی کنٹرول آذربائیجان کے پاس رہے گا اور یہ دفاعی لحاط سے نہایت اہم علاقہ تصور کیا جاتا ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں