نیو یارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ جوبائیڈن ہماری مشکلات اور پاکستان کو جانتے ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جوبائیڈن کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات کافی مشکل اور متنازع رہا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے
انتخابی نتائج پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن کی جنوبی ایشیا پالیسی ٹرمپ سے مختلف ہو گی اور کملا ہیرس نے بھی کشمیر میں بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ امریکہ چین کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات خراب ہو رہے ہیں لیکن اگر امریکہ اور چین کے تعلقات بہتر ہوں تو پاکستان کے ساتھ معاملات بھی بہتر ہوں گے تاہم ایران اور سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے تعلقات مختلف ہوں گے۔ منیر اکرم نے کہا کہ جوبائیڈن ہماری مشکلات اور پاکستان کو جانتے ہیں جبکہ امریکہ ہندوستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ جوبائیڈن اور کملا ہیرس کی توجہ انسانی حقوق پر بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے جوبائیڈن انتظامیہ کشمیر کے معاملے پر بھی توجہ دیں اور اگر ایسا ہوا تو نہ صرف ہمارے لیے بلکہ کشمیری عوام کے لیے بھی بہتر ہو گا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ افغانستان میں طالبان اور حکومت کے درمیان تعلقات مشکل نظر آ رہے ہیں جبکہ نئی امریکی انتظامیہ ہمارے ساتھ تعلقات جاری رکھیں تو افغان امن عمل کو کامیابی ملے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں