عمرہ پر پابندی ختم ہوتے ہی کتنے ہزار غیر ملکی عمرہ کی سعادت حاصل کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے ؟تفصیلات آگئیں

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب میں 7 ماہ کے بعد آج سے عمرے کی بحالی کے تیسرے مرحلے کے آغاز پر 10 ہزار غیر ملکی مسلمان عمرے کی ادائیگی کے لیے پہنچ گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق نائب وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر امر المداح نے کہا کہ دیگر ممالک سے آنے والے عازمین کے لیے اجازت نامہ لینا لازم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عازمین کو پہنچنے کے بعد احرام باندھنے کے لیے میقات جانے سے قبل 3 روز کے لیے تنہا رہنا ہوگا۔ نائب وزیر نے بتایا کہ عازمین سعودی عرب میں 10 روز تک کے لیے قیام کرسکتے ہیں، عمرہ ادائیگی کے لیے آنے والے زائرین کی عمر کی مقررہ حد 50 سال ہے۔رپورٹ کے مطابق 10 ہزار افراد کو 20، 20 افراد کے 500 گروہوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو پورے دن میں وقفے وقفے سے عمرہ ادا کریں گے۔حکام کا کہنا تھا کہ حکومت کے منظور شدہ معیارات اور پروٹوکولز کے طور پر وزارت صحت اور سعودی سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول مسلسل ممالک کی صورتحال پر نظر رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسے ممالک سے آنے والے زائرین کہ جہاں وائرس کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا وہاں مزید جائزے تک کے لیے ویزوں کے اجرا کو روک دیا جائے گا۔عمرے کی بحالی کے تیسرے مرحلے کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجد نبوی 100 فیصد فعال ہوگئی ہیں۔سعودی عہدیدار نے بتایا کہ کسی بھی مرحلے پر کوئی خطرہ ہوا تو وزارت صورتحال کا جائزہ لے کر زائرین کی تعداد میں کمی کے گزشتہ مرحلے پر چلی جائے گی۔اس وقت صرف سعودی ایئر لائن کو مملکت سے مسافر لانے لے جانے کی اجازت ہے اور جن ممالک میں سعودی ایئرلائن پرواز نہیں کرتی وہاں سعودی عرب کی مقررہ کسی اور ایئر لائن کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔زائرین کے پاس عمرہ کمپنیوں کی جانب سے ہیلتھ گائیڈ فراہم کی جائے گی تا کہ پورے سفر کے دوران ہر گروپ کی نگرانی کی جاسکے۔علاوہ ازیں زائرین کے لیے مکمل ہیلتھ انشورنس ہونا لازمی ہے جس میں وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں ہنگامی علان اور ممکنہ پی سی آر ٹیسٹ شامل ہو۔خیال رہے کہ سعودی عرب نے عمرے کی ادائیگی کے لیے نئے اقدامات کا بھی اعلان کردیا جو کورونا وائرس عالمی وبا کے پھیلاؤ کی وجہ سے 7 ماہ تک معطل رہا۔ان کے تحت خانہ کعبہ اور حجرہ اسود کے اطراف میں لگائی گئی رکاوٹیں بدستور موجود رہیں گی اور زائرین کو انہیں چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس سلسلے میں مسجد الحرام میں روزانہ 10 مرتبہ جراثیم کش اقدامات کیے جاتے ہیں جبکہ کووِڈ 19 جیسی علامات کے حامل زائرین کے لیے قرنطینہ مراکز بھی قائم کردیے گئے تھے۔یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی گئی تھی بعدازاں حج کا انعقاد بھی انتہائی محدود پیمانے پر کیا گیا تھا۔تاہم 4 اکتوبر سے سعودی عرب نے مسجد الحرام کے دروازے عمرے کی ادائیگی کرنے کے لیے آنے والے عازمین کے لیے کھول دیے تھے تاہم اس دوران حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کروایا جارہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close