روس نے کورونا ویکسین تیار کر لی، ویکسین سپوتنک کی ڈبلیو ایچ او میں جلد رجسٹریشن کی کوششیں شروع

ماسکو(این این آئی )روس نے کووِڈ19کے علاج کے لیے اپنی تیار کردہ ویکسین سپوتنک پنجم کی عالمی ادار صحت (ڈبلیو ایچ او)میں رجسٹریشن اور پری کوالیفکیشن کا عمل تیز کرنے کے لیے درخواست دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق روسی حکومت نے کووِڈ19کے علاج کے لیے تیار کردہ اس ویکسین کی 11 اگست

کو منظوری دی تھی اور اس کو سوویت دور کے سیٹلائٹ سپوتنک کا نام دیا تھا۔روسی صدر ولادی میر پوتین نے خود اس ویکسین کی منظوری کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ روس یہ مہم سر کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ویکسین کی تیاری روس کی سائنس میں مہارت کا بھی ثبوت ہے۔روس کے خودمختار دولت فنڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ڈبلیو ایچ اومیں ویکسین کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل ہونے سے یہ معمول کے طریق کار سے ہٹ کر مختصر وقت میں عالمی مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ روس کے اسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ نے اس ویکسین کی تیاری کے لیے مالی وسائل مہیا کیے ہیں۔اس فنڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی وفاق نئے کرونا وائرس کے علاج کے لیے اپنی ویکسین کی ڈبلیو ایچ او میں پری کوالی فیکیشن کی غرض سے درخواست دینے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب پری کوالی فیکیشن سے سپوتنک پنجم ادویہ خرید کرنے والی بین الاقوامی ایجنسیوں اور ممالک کی خریداری کی فہرست میں شامل ہوجائے گی اور وہ بڑی تعداد میں اس کو خرید کرسکیں گے۔تاہم بعض مغربی سائنس دانوں نے روس کی تیار کردہ اس ویکسین کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور بعض نے خبردار کیا ہے کہ تیز رفتاری سے اس کی منظوری کا عمل خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔روسی صدر ولادی میر پوتین نے اسی ماہ کرونا وائرس کے علاج کے لیے تیار کردہ اپنی دوسری ویکسین ایپی ویک کرونا کے اندراج کا بھی اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ روس کرونا وائرس کے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے اور اب تک اس نے 1547774 کیسوں کا اندراج کیا ہے۔ان میں سے کووِڈ19کے 26589 مریض وفات پا چکے ہیں۔روسی حکام نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے 320 اموات کی اطلاع دی ہے جبکہ حکومت نے اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بعض پابندیاں سخت کردی ہیں اور عوامی مقامات اور جگہوں پر چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close