متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی خبردار ہو جائیں،اماراتی حکومت نے ڈی پورٹ کرنے کی دھمکی دیدی

دبئی (پی این آئی) سیاحتی اور ویزٹ ویزا پر دبئی کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کیلئے وارننگ جاری کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دبئی جانے والے 1300 سے زائد پاکستانیوں اور 300 سے زائد ہندوستانیوں کو دبئی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملی۔ ایک ہفتے کے دوران 1200 سے زائد

پاکستانیوں کو دبئی ائیرپورٹ سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ 98 پاکستانی ابھی بھی دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اماراتی امیگریشن حکام دبئی آنے والے پاکستانی اور ہندوستانی شہریوں کی سختی سے چھان بین کر رہے ہیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ سیاحتی اور ویزٹ ویزا پر دبئی کا رخ کرنے والے پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کی بڑی تعداد دراصل نوکری کے حصول کیلئے امارات آ رہے ہیں، اس لیے دبئی ائیرپورٹ پر سخت چھان بین کی جا رہی ہے۔اماراتی امیگریشن حکام ایسے تمام پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کو ڈی پورٹ کر رہے ہیں، جن پر شبہ ہے کہ وہ دبئی سیاحت کی بجائے نوکری کے حصول کیلئے آئے، اور ان کے پاس دستاویزات بھی مکمل نہیں ہیں۔وارننگ جاری کی گئی ہے کہ ایسے تمام پاکستانی اور ہندوستانی جو نوکری کے حصول کیلئے سیاحتی یا ویزٹ ویزا پر دبئی داخل ہونے کی کوشش کریں گے، انہیں ائیرپورٹ پر ہی ڈپورٹ کر دیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے جاری ٹریول ایڈوائزری میں یہ بھی تلقین کی گئی تھی کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے وہ تمام افراد جو سیاحتی یا ویزٹ ویزا پر دبئی آنا چاہتے ہیں، ان پر لازم ہے کہ ان کے پاس ریٹرن ٹکٹ بھی موجود ہے۔جس بھی شہری کے پاس ریٹرن ٹکٹ موجود نہ ہوا، اسے دبئی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ائیرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ بات یقینی بنائیں کہ سیاحتی یا ویزٹ ویزا پر دبئی آنے والے شخص کے پاس ریٹرن ٹکٹ موجود ہو، بصورت دیگر ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد مسافر کے سفری اخراجات ائیرلائن کو برداشت کرنا ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close