مدینہ منورہ(پی این آئی) کورونا کی وبا کے باعث کئی ماہ سے بند روضہ نبوی کو 19 اکتوبر بروز سوموار زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا جس کے بعد سینکڑوں افراد کویہاں نماز پڑھنے کی بھی اجازت ہو گی۔ اس خبر سے روضہ مقدس کی زیارت کو کئی ماہ سے ترستے افراد بہت خوش ہیں۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ کے
مطابق روضہ شریف میں نماز اور روضہ اطہر پر حاضری کے لیے اوقات کا تعین کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق روزانہ 11,880 افراد روضہ اطہر پر حاضری دے سکیں گے تاہم روضہ شریف پر روزانہ صرف 1,650 مردوں کو نمازادا کرنے کی اجازت ہو گی۔ فجر، ظہر، عصر اور مغرب کی نمازوں کے بعدزائرین روضہ اطہر میں نماز ادا کر سکیں گے اوراسی دوران انہیں روضہ پردن میں چار بار حاضری کا موقع دیا جائے گا۔جبکہ خواتین کو روضہ شریفہ میں سورج طلوع ہونے کے وقت سے لے کر ظہر کی نماز تک روضہ اطہر پر جانے کی اجازت ہو گی۔روزانہ 900 خواتین روضہ شریف پر نماز ادا کر سکیں گی۔ باب السلام صحن نمبر ایک کو زیارت پر آئے مردوں کے داخلے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ باب بلال صحن 38 سے روضہ شریف پر حاضری دینے کے لیے آئے مردوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ روضہ اطہر کی زیارت کے لیے آنے والی خواتین باب عثمان صحن 24 سے اندر داخل ہو سکیں گی۔ ان کے علاوہ کسی اور پوائنٹ سے مسجد نبوی میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔مسجد نبوی عشاء کی نماز کے بعد بند کر دی جائے گی اور فجر کی نماز سے ایک گھنٹہ قبل کھولی جائے گی۔ نمازِ پنجگانہ اور جمعے کی نماز صرف روضہ شریفہ اور مسجد نبوی کے پرانے حصے میں ہی ادا کی جائے گی۔واضح رہے کہ روضہ مبارک کی زیارت اور اس متبرک مقام پر نماز کی ادائیگی کے لیے پہلے ’اعتمرنا‘ ایپ سے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔ اجازت نامے کی تاریخ کے روز ہی روضہ اطہر کے احاطے میں داخلے کی اجازت ہو گی۔اس دوران کورونا سے متعلق حفاظتی تدابیر اور اقدامات پر مکمل طور پر عمل کرنا ہو گا جن میں ماسک، سماجی فاصلہ اور سینٹائزیشن سے متعلق پابندیاں شامل ہیں۔اعتمرنا ایپ کے بغیر بغیر وہاں کسی کو نماز اور سلام کے لیے پہنچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔پہلے مرحلے میں روضہ شریفہ کی 75 فیصد تک گنجائش کے حساب سے زائرین کو کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کے ساتھ حاضری کی اجازت ہوگی۔ وزارت حج وعمرہ کے مطابق ’اعتمرنا‘ ایپ کو ڈاوٴن لوڈ کرنے کے بعد اس سے حرمین شریف میں نماز کی ادائیگی، زیارت ، عمرہ مسجد نبوی میں روضہ اطہر میں حاضری،مسجد الحرام میں طواف اور مسجد قبا اور مسجد سید الشہداء کی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں