بیجنگ (این این آئی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کی تیسری کمیٹی میں مباحثے کے دوران چین نے ہانگ کانگ کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونیِنگ نے پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم انصاف کے حق میں بولنے پر پاکستان اور ان تمام ممالک
سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی حمایت نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ انصاف ہمیشہ قائم رہے گا اور ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے معاملات کے بہانے چین پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کرنے والے مغربی ممالک کی ایک بڑی تعداد پھر ناکام ہوگئی۔رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نے کہا تھا کہ ہانگ کانگ کا معاملہ بیجنگ کا داخلی معاملہ ہے اور خود مختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی اہمیت پر بھی زور دیا تھا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے 55 ممالک کی جانب سے تقریر کرتے ہوئے یہ باتیں جرمنی کی طرف سے ایغور مسلمانوں کے حقوق کا احترام کرنے اور ہانگ کانگ کی سیاسی صورتحال کے بارے میں تشویش کا اظہار کرنے کے لیے چین پر زور دینے کے ردعمل میں کی تھیں۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ تیسری کمیٹی کی عام بحث کے دوران 70 سے زائد ممالک نے چین کے متعلقہ معاہدوں پر اپنی حمایت کا اظہار کیا، اب تک 57 ممالک نے ہانگ کانگ سے متعلق امور پر مشترکہ بیان پر باہمی دستخط کیے ہیں اور 48 ممالک نے سنکیانگ پر بھی اسی طرح کا مشترکہ بیان دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کیوبا نے ان ممالک کی جانب سے چین کی طرف سے ہانگ کانگ کے خصوصی خطے میں قومی سلامتی کے تحفظ سے متعلق قانون کے نفاذ کی حمایت میں بات کی ہے جو ایک ملک، دو نظاموں کے مستحکم اور کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے، خطے کی خوشحالی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور ہانگ کانگ کے باشندوں کے جائز حقوق اور آزادی کے استعمال کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے سنکیانگ میں دہشت گردی اور بنیاد پرستی سے نمٹنے اور تمام نسلی گروہوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے اقدامات کی تعریف کی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انسانی حقوق کے معاملات کی سیاست، دوہرے معیار کے اطلاق، چین کے خلاف بے بنیاد الزام تراشیوں اور چین کے اندرونی معاملات میں بلاجواز مداخلت کے خلاف اپنی سخت مخالفت کا اظہار کیا۔چونینگ کا کہنا تھا کہ بیجنگ کسی بھی فرد، ملک اور طاقت کو چین میں عدم استحکام، تقسیم اور انتشار پیدا کرنے اور انسانی حقوق کے بہانے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں