ریاض(پی این آئی) سعودی حکومت کی جانب سے کئی ماہ کے بعد عمرہ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ابتدائی مرحلے کا آغاز 4 اکتوبر 2020ء سے ہوگا۔ جس کے دوران روزانہ 6 ہزار افراد کو چھ گروپوں کی صورت میں عمرے کی اجازت ہو گی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اعلان کیاگیا ہے کہ ایک عمرے کے
اختتام کے بعد دوسرے کی عمرے کی بکنگ کے لیے 14 روز کا وقفہ دینا ہوگا جبکہ اینڈرائڈ فونز پر ’اعتمرنا‘ ایپ جلد مہیا کر دی جائے گی۔اُردو نیوز کے مطابق وزارت کے چیف پلاننگ اینڈ سٹریٹجی آفیسر ڈاکٹر امر المداح نے بتایا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے وضح کی گئی احتیاطی تدابیر کو سامنے رکھتے ہوئے زائرین دو مرتبہ عمرہ کر سکتے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ اب تک عمرہ کی 35 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عمرہ پلان کے پہلے مرحلے میں زائرین چار اکتوبر سے عمرے کی ادائیگی کر سکیں گے۔ان کے مطابق پہلے مرحلے میں زائرین ایک دن میں مختلف اوقات میں چھ مرتبہ عمرہ ادا کریں گے اور اس کے لیے ہر زائر کو تین گھنٹے ملیں گے۔ڈاکٹر امر المداح کا کہنا تھا کہ شام کی نمازوں کے دوران زائرین کو عمرے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ان اوقات میں صفائی کی جائے گی۔ ’زائرین صفائی کے بعد آدھی رات کو عمرہ کر سکیں گے۔‘عمرہ کرنے والے ہر گروپ کے سپروائزر ہوں گے جو سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں گے۔ اگر کوئی کورونا کیس سامنے آتا ہے تو آئسولیشن کے لیے مرکزی ایریا کے ہوٹلز میں کمرے مہیا کیے جائیں گے۔دوسرا مرحلے کا شیڈول پہلے مرحلے کا مکمل جائزہ لینے کے بعد دو ہفتوں کے وقفے سے شروع ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں