منگل کی رات سے لے کر جمعہ تک مسلسل چار دن بارشوں کی پیشنگوئی

ریاض(پی این آئی) سعودی مملکت میں موسم گرما بہت شدیدہوتاہے، جس کی وجہ سے لوگ شدت سے موسم بدلنے کا انتظار کرنے لگتے ہیں۔سعودی محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر اچھی خبر سنا دی ہے جس کے مطابق مملکت میں منگل کی رات سے لے کر جمعہ تک مسلسل چار دن بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ

طوفانی بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ابہا، خمیس مشیط، النماص، بلقرن، سراة عبیدة، ظہران الجنوب، الحرجہ، حائل، بارق اور المجاردة میں طوفانی بارشیں ہوگی جبکہ 45 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چلیں گی۔اس کے علاوہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہو گی۔ جازان اور باحہ سمیت درجنوں علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بہت سے علاقوں میں بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ ان طوفانی بارشوں کے باعث سعودی عرب کا موسم انتہائی خوشگوار ہو جائے گا۔اگلے دو ہفتوں تک مملکت میں درجہ حرارت بہت کم رہے گا۔ خصوصاً ریاض اور قصیم کے ریجن میں کم از کم درجہ 20 سینٹی گریڈ سے نیچے آ جائے گا۔ جبکہ تبوک اور حائل میں کم سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ الشرقیہ اور نجران میں بھی درجہ حرارت 20 سینٹی گریڈ تک گرنے کے باعث کئی علاقوں میں ہیٹرز کا استعمال شروع ہو جائے گا۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔ چند روز قبل بھی کی موسلا دھار بارش سے بھی کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو گئی تھی ۔اس کے علاوہ گرد و غبار والے علاقوں میں بھی ڈرائیونگ کرتے وقت احتیاط کریں کیونکہ گرد کے طوفان کی وجہ سے سڑک پر حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی چلنا دُشوار ہو جاتا ہے اور کسی حادثے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں