پاکستان کے بعد سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کو شکست ہونے لگی، یومیہ کیسز کی تعداد کم ترین سطح پر آگئی

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب تیزی سے کرونا وائرس کو شکست دینے کی راہ پر گامزن، مملکت میں یومیہ کرونا کیسز کی تعداد 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 400 سے کچھ زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلائو میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، اور

پچھلے چوبیس گھنٹے میں 500 سے بھی کم نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 92 فیصد سے زیادہ مریض تندرست ہوچکے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے مطابق 25 ستمبر کو پورے دن کے دوران 472 نئے مریض سامنے آئے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 32 ہزار 329 ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 843 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔اب تک 3 لاکھ 15 ہزار 636 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا سے 26 افراد ہلاک ہوئے۔اس طرح اب اموات کی مجموعی تعداد چار ہزار 625 ہو گئی ہے۔اس وقت 12 ہزار68 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے ایک ہزار 43 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔ مختلف شہروں میں کورونا کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد مکہ میں رہی جہاں 86 نئے مریض سامنے آئے ۔وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پچھلے ایک ماہ سے کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے حوصلہ افزا ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں