تجربات کامیاب، متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی

دبئی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے کروناوائرس ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی، وزیر صحت عبدالرحمان الاویس کا کہنا ہے کہ ویکسین کے حتمی مرحلے کے کلینیکل ٹرائلز میں سنگین حالت والے 1 ہزار افراد کو ڈوز دی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے، ابتدائی طور پر ہنگامی صورتحال میں پیرا میڈیکل

اسٹاف کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کرونا وائرس کے علاج کی دریافت کے سلسلے میں بڑی پیش رفت کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ امارات میں جاری کرونا وائرس ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز میں کامیابی حاصل کر لی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ویکسین کے 6 ہفتے پر محیط کلینیکل ٹرائلز میں 125 ممالک کے 31 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی، تاہم حتمی کلینیکل ٹرائلز کے دوران سنگین طبی حالت والے 1 ہزار افراد کو ویکسین کی ڈوز دی گئی اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئی۔ابتدائی نتائج حوصلہ افزاء ہیں، جبکہ ابھی مزید تحقیق جاری رکھی جائے گی۔ ویکسین کے کچھ منفی اثرات بھی سامنے آئے لیکن یہ اثرات خطرناک نوعیت کے نہیں تھے۔ جن مریضوں کو ویکسین کی ڈوز دی گئی ان میں اینٹی باڈیز کی بڑی مقدار کی پیدائش ہوئی۔ اعلان کیا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر ویکسین شعبہ طب سے وابستہ افراد کو فراہم کی جائے گی۔ ہنگامی صورتحال میں پیرا میڈیکل اسٹاف کو فوری ویکسین فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پہلا اسلامی ملک ہے جس نے کرونا وائرس ویکسین کے تجربات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ابھی تک روس کے علاوہ کسی دوسرے ملک نے کرونا وائرس ویکسین کے تجربات میں کامیابی حاصل کرنا کا دعویٰ نہیں کیا تھا۔ تاہم روس کی جانب سے کرونا وائرس ویکسین تیار کر لیے جانے کے دعوے پر تاحال عالمی دنیا اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کے کل 2 کروڑ 92 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے، جبکہ 9 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد مہلک وبا کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے۔امریکا، بھارت اور برازیل کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک ہیں۔

close