متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس پھر سے بے قابو ہو گیا، یومیہ کیسز میں تشویشناک اضافہ، لاک ڈائون دوبارہ نافذ ہونے کا امکان

دُبئی(پی این آئی) متحدہ عرب امارا ت میں پچھلے کچھ ہفتوں کے دوران کوروناکے یومیہ کیسز کی گنتی 300سے 500 کے درمیان محدود ہو کر رہ گئی تھی، جس کے بعد اماراتی حکام نے اُمید ظاہر کی تھی کہ مملکت سے کوروناکا جلد خاتمہ ممکن ہے، تاہم اب ایک بار پھر کورونا کیسز میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہو

گیا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے اندر یومیہ کیسز کی گنتی دُگنی ہو کر883 تک جا پہنچی ہے۔نئے کیسز کے بعد امارات میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی گنتی 75,981 ہو گئی ہے۔ کیسز میں دوبارہ تیزی سے اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مملکت میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی گنتی 393 ہو گئی ہے۔گزشتہ روز مزید 467 مریض صحت یاب ہو گئے جس کے بعد کُل صحت یابیاں67,913 تک جا پہنچی ہیں۔اماراتی حکام نے گزشتہ دو روز کے دوران 85,917 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جن کے نتیجے میں سینکڑوں افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ یہاں ایک بات بتاتے چلیں کہ کیسز کی تعداد دُگنی ہونے پر جزوی لاک ڈاؤن کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ چند روز قبل اماراتی حکام نے کورونا کے کیسز دوبارہ بڑھنے پر لاک ڈاؤن کا اشارہ دیا تھا۔ NCEMA کے ترجمان نے کہا تھا کہ یومیہ کیسز کی شرح اگر دوبارہ بڑھ گئی تو کچھ علاقوں میں نیشنل سٹیریلائزیشن پروگرام دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک کورونا کی کوئی کارگر ویکسین اور دوا نہیں تیار ہو جاتی، احتیاطی تدابیر ہی ہمیں بچا سکتی ہیں۔ اگر ہم معاشی سرگرمیاں پوری طرح بحال کرنا چاہتے ہیں، اپنے بچوں کو واپس سکول بھیجنا چاہتے ہیں، دوبارہ سفر کرنا چاہتے ہیں اور تفریحی مقامات سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو پھر اس موذی وائرس کا مکمل خاتمہ بہت ضروری ہے۔ کیسز دوبارہ بڑھنے کی صورت میں کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close