ایشیائی ملک کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب، سو دنوں میں ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہوا، دنیا حیران رہ گئی

تھائی لینڈ (پی این آئی ) تھائی لینڈ کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گیا۔ایشیائی ملک تھائی لینڈ میں گذشتہ کچھ 100 دنوں کے دوران کورونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ملکی محکمہ صحت نے وبا سے متعلق تازہ رپورٹ شائع کی ہے۔تھائی لیند میں گذشتہ تین ماہ سے کورونا کا ایک کیس بھی رپورٹ نہ

ہونے کو وبا کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے اور ملک سے کورونا کا خاتمہ تصور کیا جا رہا ہے۔محکمہ صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال 26 مئی کے بعد سے تھائی لینڈ میں مہلک وائرس سے کوئی بھی شخص متاثر نہیں ہوا۔جب کہ کورونا ٹیسٹنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ خصوصی طور پر مسافروں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ملک میں داخل ہونے والے سیاحوں کو قرنطینہ کر دیا جاتا ہے۔اگر کوئی غیر ملکی کورونا متاثر ہوا ہو تو اس کی صحتیابی تک قرنطینہ سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 59 لاکھ 14 ہزار 824 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 8 لاکھ 61 ہزار 466 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 68 لاکھ 47 ہزار 486 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 60 ہزار 547 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 کروڑ 82 لاکھ 5 ہزار 872 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں اس وائرس سے اب تک 1 لاکھ 88 ہزار 902 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 62 لاکھ 57 ہزار 938 ہو چکی ہے۔کورونا وائرس کے امریکا میں 25 لاکھ 71 ہزار 605 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 79 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 34 لاکھ 97 ہزار 431 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 1 لاکھ 22 ہزار 681 زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 39 لاکھ 52 ہزار 790 تک جا پہنچی ہے۔بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے، جہاں کورونا سے 66 ہزار 460 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 37 لاکھ 69 ہزار 523 ہو گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close