متعدد علاقوں میں طوفانی بارشیں اورہوائیں، ٹھنڈی ٹھنڈی خبر آگئی

جدہ(پی این آئی) سعودی عرب میں گزشتہ چند روز سے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشیں ہو رہی ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خاصا خوشگوار بھی ہو گیا ہے۔ کئی ہفتوں تک گرمی کی شدید لہر سے پریشان رہنے والے مقامی اور تارکین افراد نے سُکھ کا سانس لیا ہے

اور لوگ اکثر شام کو گھروں سے بھی تفریح کے لیے نکل رہے ہیں۔سعودی محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کے روز بھی مملکت کے تین علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی خوشخبری سُنا دی ہے۔ آج جازان، عسیر اور نجران میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مملکت کے کئی علاقوں میں گہرے بادل چھائے رہیں گے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، قصیم، الجوف، حائل، حدود شمالیہ اور الشرقہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جس سے موسم ٹھنڈا ہوجائے گا۔بحیرہ احمر میں بھی ہوائیں چلنے سے 2 میٹر اُونچی سمندری لہریں اُٹھیں گی۔ واضح رہے کہ مشہور ماہر موسمیات خالد الزعاق نے خوش خبری سُنائی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مملکت میں مزید بارشیں ہوں گی جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ خالد الزعاق نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا کہ اس ہفتے رات کے وقت رات کو موسم زیادہ خوشگوار رہے گا اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی۔الزعاق نے بتایا کہ اگلے ماہ موسم خزاں شروع ہونے کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ جائے گی اور راتیں ٹھنڈی ہوا کریں گی۔ سعودی محکمہ دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close