کئی دن تک مسلسل طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں گزشتہ چند روز سے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشیں ہو رہی ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خاصا خوشگوار بھی ہو گیا ہے۔ کئی ہفتوں تک گرمی کی شدید لہر سے پریشان رہنے والے مقامی اور تارکین افراد نے سُکھ کا سانس لیا ہے

اور لوگ اکثر شام کو گھروں سے بھی تفریح کے لیے نکل رہے ہیں۔سعودی عرب کے مشہور ماہر موسمیات نے خوش خبری سُنائی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مملکت میں مزید بارشیں ہوں گی جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ ماہر موسمیات خالد الزعاق نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا کہ اس ہفتے رات کے وقت رات کو موسم زیادہ خوشگوار رہے گا اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی۔ الزعاق نے بتایا کہ اگلے ماہ موسم خزاں شروع ہونے کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ جائے گی اور راتیں ٹھنڈی ہوا کریں گی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے گزشتہ روز مکہ میں کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ سارا دن بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اضم اور میسان میں خصوصاً زیادہ بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ نجران، باحہ، مندق، بلجرشی، مخواة اور قلوة میں بھی رات دیر تک بارش ہوتی رہی۔ کئی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نگاہ محدود ہو گئی۔ سعودی محکمہ دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد طائف اور مکہ مکرمہ کو ملانے والے جبل الکر روڈ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جو زیر آب آ گیا تھا۔ آج اسے بارش رُکنے پر بحال کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں