ایران سعودی عرب کے ایٹمی پروگرام کیخلاف کھل کرمیدان میں آگیا، عالمی تنظیم سے کیا مطالبہ کر دیا ؟

تہران(پی این آئی )ایران نے جوہری توانائی کی بین الاقوامی تنظیم(آئی اے ای اے) پر زوردیا ہے کہ سعودی عرب کے خفیہ ایٹمی پروگرام کی تحقیقات کی جائیں۔ایران کے سر کاری خبر رساں ادارے “ارنا” کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی تنظیموں میں ایران کے سفیر اورمستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے ویانا میں کہاہے

کہ سعودی عرب ایک انتہائی غیرشفاف جوہری پروگرام تیار کررہاہے اور اس پر عمل کررہاہے، سعودی عرب خفیہ اور شفافیت سے عاری جوہری کاروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔غریب آبادی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب عدم پھیلاؤ معاہدے کا رکن ہونے اور اس کا ایجنسی(آئی اے ای اے) کے ساتھ باہمی تحفظ کا ایک جامع معاہدہ ہونے کی حقیقت کے باوجود وہ ایجنسی کے معائنہ کرنے کے اپنے وعدے پورے کرنے سے انکاری ہے اور عالمی ادارے کو مانیٹرنگ کی اجازت نہیں دے رہا ۔انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب جوہری توانائی کو پُر امن مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا خواہش مند ہے تو اسے عالمی ادارے کی متعلقہ شرائط کو قبول کرنا چاہیے اور مکمل طور پر شفاف کاروائیاں کرنی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہاکہ عالمی برادری پر امن جوہری پروگرام سے سعودی انحراف قبول نہیں کرے گی اور اس کا مقابلہ کرے گی۔دوسری طرف سعودی عرب نے ایران کے سفیر اورمستقل مندوب کاظم غریب آبادی کے بیان پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں