اسلام آباد(پی این آئی)چین میں کورونا وائرس کے بعد ایک اورنئے وائرس نے اپنے قدم جما لئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک برون وائرس سے اب تک 60 افراد متاثر ہو ئے جبکہ 7 افراد اس کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکے ہیں۔ سال کے پہلے نصف میں مشرقی چین کے صوبہ جیانگ سو کے 37 سے زیادہ افراد ایس ایف ٹی ایس وائرس سے متاثر ہوئے۔
سرکاری سطح پر چلنے والی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بعدازاں مشرقی چین کے صوبہ انہوئی میں 23 افراد کو انفکشن ہوا تھا۔ جیانگ سو کے دارالحکومت نانجنگ کی رہنے والی خاتون نے اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد کھانسی، بخار جیسی علامات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹروں کو اس کے جسم کے اندر لیوکوائٹ ، بلڈ پلیٹلیٹ کی کمی نظرآئی ۔تاہم ایک ماہ کے علاج کے بعد انہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ،ماہرین وائرس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ انفیکشن انسانوں کو ٹک کے ذریعہ منتقل کیا گیا ہو اور یہ وائرس انسانوں کے مابین پھیل سکتا ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد انیس اعشاریہ چار ملین سے زائد ہو چکی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس عالمی وبا کے نتیجے میں اب تک ہونے والی ہلاکتیں سات لاکھ بیس ہزار کے لگ بھگ ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں امریکا سب سے آگے ہے، جہاں مجموعی طور پر تقریبا پانچ ملین افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس سے جڑی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ اکسٹھ ہزار سے زائد ہے۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ بیاسی ہزار افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے اور یہاں اس وبا کے نتیجے میں ہونے والی مصدقہ ہلاکتیں چھ ہزار باون ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں