نیویارک (پی این آئی):کورونا کی وبا جتنی بھی دہشت ناک ہو، ماحولیات کی تبدیلی اس سے زیادہ بری ہو سکتی ہے، بل گیٹس نے لوگوں کو کورونا کے بعد ایک اور خوف دے دیا، مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی ارب پتی امریکی شخصیت بل گیٹس نے پیش گوئی کی ہے کہ ہمیں ایک ماحولیاتی بحران کا سامنا کرنا ہو گا جس کے
اثرات کرونا وائرس سے زیادہ برے ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بل گیٹس نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ کرونا کی وبا جتنی بھی دہشت ناک ہو ، ماحولیات کی تبدیلی اس سے زیادہ بری ہو سکتی ہے۔بل گیٹس نے توقع ظاہر کی کہ دنیا کو قریبی دہائیوں کے دوران ماحولیات کی تبدیلی کے حوالے سے سب سے بڑے بحران کا سامنا ہو گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کرونا وائرس کے سبب اموات کا تناسب ہر ایک لاکھ کی آبادی میں 14 افراد کی وفات تک پہنچ گیا ، جب کہ آئندہ 40 برسوں میں زمین پر درجہ حرارت بڑھنے کے سبب اموات کا تناسب سال 2100 سے قبل 5 گنا بڑھ جائے گا۔بل گیٹس نے زور دیا کہ ماحولیات کی تبدیلی کا مقابلہ کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کی ضرورت ہے جو عالمی درجہ حرارت میں اضافے کا سبب ہیں۔ اس کے علاوہ اخراج کی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے سائنسی ایجادات کا استعمال کیا جائے۔مائیکروسافٹ کے بانی کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی کی روک تھام کے اقدامات ترقی پذیر ممالک میں بھی کیے جانے چاہئیں۔ بل گیٹس نے واضح کیا کہ انسانیت کی پاس زیادہ وقت نہیں ہے اور اس حوالے سے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں