سیاہ فام جنرل چارلس سی کیو بران نے امریکی ائر فورس کے سربراہ کی حیثیت سے منصب سنبھال لیا

واشنگٹن(پی این آئی)سیاہ فام جنرل چارلس سی کیو بران نے امریکی ائر فورس کے سربراہ کی حیثیت سے منصب سنبھال لیا۔امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سیاہ فام امریکی فوجی جنرل چارلس سی کیو بران نے فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن کے قریب واقع

جائنٹ بیس اینڈریوز پر اپنی نئی زمہ داریاں سنبھالتے ہوئے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن امریکی قوم کے لیے ایک تاریخ ساز دن ہے اور وہ اس موقع کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔امریکی فضائیہ کے نئے سربراہ نے دوسری جنگ عظیم کے دوران امریکی فضائیہ میں خدمات انجام دینے والے سیاہ فام عملے کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں اور کئی دوسرے فوجی اہل کاروں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کیا۔بران، جنرل ڈیوڈ گولڈ فین کی جگہ چیف آف دی ایئر سٹاف بنے ہیں جو 37 سال تک خدمات سرانجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے ۔اس موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گولڈفین نے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ بران جیسے جنگی ماہر، رہنما اور ذاتی دوست پینٹاگان میں چیف کے عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔ایئرفورس کی سیکرٹری باربرا بیرٹ کا کہنا تھا کہ اس وقت ایئر فورس کی کمان سنبھالنے کے لیے جنرل بران سے زیادہ بہتر کوئی اور افسر موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشرق وسطی، یورپ اور بحرالکاہل میں اعلی قائدانہ عسکری صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کر چکے ہیں۔جنرل بران اپنے کیریئر میں امریکہ کی پیسیفک ایئر فورسز کی کمان کر چکے ہیں۔ یہ ایئرفورس دنیا کے نصف حصے پر محیط خطے میں ایئر فورس کی ذمہ داریاں پوری کرتی ہے۔اس کے علاوہ جنرل بران مشرق وسطی میں خدمات انجام دینے والی امریکی سینٹرل کمان کے ڈپٹی کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی بھی سربراہی کر چکے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ہفتے کے شروع میں وائٹ ہاس کے اوول آفس میں جنرل بران کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔امریکی سینیٹ نے جون میں صفر کے مقابلے میں 98 ووٹوں سے جنرل بران کی ایئر فورس کے سربراہ کے طور پر تقرری کی منظوری دی تھی۔تاریخی اعتبار سے جنرل بران کی امریکی ایئر فورس کے سربراہ کے طور پر تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی سیاسی حلقوں میں نسلی مسائل پر بحث جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close