بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے سینئر کشمیری رہنما محبوبہ مفتی کی رہائی کا مطالبہ کر دیا، سیاست دانوں کی غیر قانونی حراست سے جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے

نئی دہلی(پی این آئی): کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بھی محبوبہ مفتی کی رہائی کا مطالبہ کردیا اور کہا سیاست دانوں کی غیر قانونی حراست سے جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق کانگریس رہنما راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وقت آگیا ہے محبوبہ مفتی

کو رہا کیا جانا چاہیئے ، بھارتی حکومت کی سیاست دانوں کی غیر قانونی حراست سے جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیری رہنما وں کو ایک سال سے جیلوں میں قید اور گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے،بھارتی اخبار کے مطابق سولہ کشمیری رہنما ایک سال سے گھروں میں نظر بند ہیں، عبد اللہ کی جانب سے کشمیری رہنما وں کی رہائی کیلئے اپیل بھی دائر کی لیکن اس کی سنوائی ابھی تک نہیں ہوئی۔واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہوگئے ہیں، کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران بھارتی فورسز نے 214 کشمیری شہید کئے ، شہید ہونے والوں میں 4 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں متعدد کشمیریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن میں شہید کیا گیا جبکہ بھارتی فورسز کے تشدد سے 1390 کشمیری زخمی ہوئے، اس دوران 84خواتین کیساتھ زیادتی کی گئی اور 946 مکانات کو نقصان پہنچایا۔کےایم ایس کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران 13 ہزار 680 کشمیریوں کو گرفتار کیا ، گرفتار ہونے والوں میں بزرگ خواتین سمیت کشمیری لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close