بیروت دھماکہ، کتنے پاکستانی شہریوں کی اموات ہوئیں اور کتنے زخمی ہوئے ؟پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بیان آگیا

بیروت (پی این آئی) بیروت دھماکے، پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے بیان جاری، سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت میں پیش آئے واقعے کے نتیجے میں تاحال کسی پاکستانی شہری کی موت کی تصدیق نہیں ہوئی، صرف ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت

میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے منگل کے روز پیش آئے واقعے کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا ہے۔بیروت دھماکوں میں پاکستانیوں شہریوں کے جانے نقصان کی اطلاعات پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تاحال کسی پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ صرف ایک پاکستانی شہری معمولی زخمی ہوا جو اب بالکل ٹھیک ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ بیروت میں مقیم پاکستانی بندرگاہ سے 35 کلومیٹر دور علاقے میں رہائش پذیر ہیں۔جبکہ پاکستانی سفارت خانہ بھی جائے وقوعہ سے 8 کلومیٹر دور علاقے میں واقع ہے۔ بیروت میں مقیم تمام پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں، تاحال کسی پاکستانی شہری کی موت واقع ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب بیروت کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں 70 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی، جبکہ لبنانی وزارت صحت کے حکام کے مطابق 2700 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔لبنان کے وزیراعظم نے ملک میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے کے ذمے داران کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت بیروت کے تمام ہسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔ بیروت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جا چکی۔ لوگوں سے خون کے عطیات کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ لبنان کا میڈیا اس واقعے کو ملکی تاریخ کا سب سے تباہ کن سانحہ قرار دے رہا ہے۔لبنانی حکام کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ شہر میں بے پناہ تباہی مچی ہے۔ بیروت کی بندرگاہ اور آس پاس علاقے میں واقع عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکیں۔ دھماکوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے، لاشوں کی گنتی کرنا ممکن ہی نہیں۔ 2 کلومیٹر تک کے علاقے میں انسانی اعضاء بکھرے پڑے ہیں۔ لبنان کے حکام کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ جب دھماکہ ہوا تو اس وقت سڑکوں پر چلتی گاڑیاں الٹ گئیں، کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور عمارتیں منہدم ہوئیں۔ عمارتوں کے ملبے تلے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن کی زندگیاں بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس واقعے کے حوالے سے لبنان کے سیکورٹی چیف نے جاری بیان میں بتایا ہے بیروت کی بندرگاہ پر واقع اسلحے کے گودام میں دھماکے ہوئے۔ گودام میں کئی سال سے اسلحہ پڑا ہوا تھا، جو منگل کے روز دھماکوں کی وجہ بنا۔ دھماکوں کے نتیجے میں پورے شہر میں افراتفری کا عالم ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ جبکہ حکومتی افراد متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close