چمن(پی این آئی)چمن میں پاک افغان بارڈر باب دوستی پر دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار، جھڑپ میں 3 لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے،پاک افغان بارڈر باب دوستی پر دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار،جھڑپ میں 3 لیوز اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔لیویز حکام کے مطابق مشتعل مظاہرین نے
دوبارہ پاک افغان بارڈر باب دوستی کی جانب ریلی نکالی مظاہرین کو باب دوستی جانے سے روکنے پر سیکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین میں دوبارہ جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین کی جانب سے پتھراوٴ کے نتیجے میں 3 لیویزاہلکار زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 7 مظاہرین بھی زخمی ہوئے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں بچے سمیت 7 زخمی لائے گئے، سیکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین پر شیلنگ اورہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 مظاہرین زخمی ہوئے۔دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے پاک افغان بارڈر کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پاک افغان بارڈرکی بندش کی بنیادی وجہ دہشت گردی تھی جہاں سے دہشت گرد یہاں داخل ہو رہے تھے۔صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے لیکن سیکیورٹی معاملات پر بھی کمپرومائز نہیں کر سکتے، ملک دشمن عناصراس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں جو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں