ابو ظہبی(پی این آئی)پولیس نے ایک بار پھر شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ عوامی مقامات اور ہجوم میں ماسک نہ پہننے پر 3 ہزار درہم جرمانہ ہو گا۔اماراتی میڈیا کے مطابق پولیس نے دوٹوک پیغام میں کہا ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے فیس ماسک لازمی استعمال کریں، منہ اور خصوصاً ناک کو ضرور ڈھانپیں۔پولیس نے
واضح کیا ہے کہ عوامی مقامات اور ہجوم میں ماسک نہ لگانے پر جرمانہ کیا جائےگا، عوامی مقامات پر سیگریٹ نوشی سمیت کسی بھی طرح منہ کھلا رکھنے کے بہانے قابل قبول نہیں ہوں گے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حکومتی ہدایات اور اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے گشتی ٹیمیں ہمہ وقت متحرک ہیں اور ایس او پیز کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کو برقرار رکھنے کے لیے فعال ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ یہ بات سامنے آئی تھی کہ پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا تھا تاہم اب پولیس کو سختی سے نمٹنے کے لیے جرمانے عائد کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں