کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی حکومت نے سنگین غلطیاں کی ہیں، امریکہ میں اسکول 2021 تک بند رہیں گے، بل گیٹس نے امریکی قیادت کا پول کھول دیا

واشنگٹن(پی این آئی)کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی حکومت نے سنگین غلطیاں کی ہیں، امریکہ میں اسکول 2021 تک بند رہیں گے، بل گیٹس نے امریکی قیادت کا پول کھول دیا۔مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیرترین شخص بل گیٹس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ابھی تک کوئی بھی ایسی ویکسین

موجود نہیں جو ایک خوراک کے ساتھ اپنا کام دکھائے۔یہ بات انہوں نے ایک امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی حکومت نے سنگین غلطیاں کی ہیں جب کہ 2021 تک اسکول بند رہیں گے۔بل گیٹس کا کہنا تھا کہ لوگوں کو نئے کورونا وائرس کیخلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کیلئے ویکسین کی زیادہ خوراکوں کی ضرورت ہوسکتی ہے اور ویکسین کی فراہمی کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہوگی، ڈاکٹر انتھونی فائوسی اور سی ڈی سی چیفس جیسے ماہرین کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اسکولوں کا دوبارہ کھلنا انتہائی ضروری ہے، اساتذہ اور والدین کو اسکول سے متعلق یقین دہانی کرانے کی ضرورت ہے۔ اپنے خلاف سازشی نظریات سے متعلق انہوں نے امید ظاہر کی ہے سچ سب کے سامنے آجائے گا۔بل گیٹس نے میڈیا کو بتایا کہ ابھی تک کوئی بھی ایسی ویکسین موجود نہیں جو ایک خوراک کے ساتھ اپنا کام دکھائے، شروعات میں بھی یہی امید تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضروری ہوا تو زیادہ خوراکوں کیلئے دنیا بھر میں سات ارب ویکسینز کی ضرورت ہوگی۔گیٹس عالمی وبا کے خطرے سے 2015سے خبردار کررہے ہیں اور انہوں نے نوول کرونا وائرس سے نمٹنے میں عالمی کوششوں کیلئے بل اور میلینڈا گیٹس فانڈیشن کے ذریعے 30کروڑ امریکی ڈالرز عطیہ کئے ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ کسی بھی ویکسین کی اہلیت بارے بہت زیادہ غیر یقینی صورتحال ہوگی لیکن انہوں نے زور دیا کہ اس کا یہی حل ہے جس سے ہمارا اچھا وقت آئے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں