ریاض(پی این آئی): سعودی عرب میں معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والے 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ
ٹریفک نے معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 261 افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے۔محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں خاص طور پر معذوروں کی پارکنگ استعمال کرنے والوں کو جرمانہ کیا گیا ہے۔محکمے کے مطابق معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں تھوڑی دیر کے لیے گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بعض لوگ دکانوں کے سامنے پارکنگ نہ ملنے پر معذور افراد کی جگہ میں گاڑی پارک کر دیتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ چند منٹ میں وہ واپس آ کر پارکنگ خالی کردیں گے، انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ معذور افراد کی جگہ کو چند منٹ کے لیے استعمال کرنا ہی خلاف ورزی ہے۔محکمے کے مطابق تمام ڈرائیوروں کو چاہیئے کہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور معاشرے کے اس طبقے کے ساتھ خاص رعایت کریں جس کے لیے پارکنگ مختص کی ہوئی ہے۔محکمے کا مزید کہنا تھا کہ معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کی خلاف ورزی پر صرف جرمانہ ہی نہیں ہوتا، بعض حالات میں گاڑی ضبط بھی کرلی جاتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں