ریاض(پی این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔تفصیلات کے مطابق ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلیفون پر رابطہ
قائم کرکے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، انہوں نے شاہ سلمان کی صحتیابی کے لیے فوری شفا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ولی عہد نے امریکی صدر کو شاہ سلمان کی صحت کے بارے میں اطمینان دلایا اور صحت کے لیے رابطہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر امریکی صدر اور سعودی ولی عہد نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر بحث آئے، شاہ سلمان کے کامیاب آپریشن کی اطلاع پرسعودی عرب کے ہر حلقے نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔شاہی خاندان کے افراد ،ممتاز علما، اعلی عہدیداروں، دانشوروں اور ذرائع ابلاغ کے ارباب نے کامیاب آپریشن پر شاہ سلمان کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شاہ سلمان کو بہت جلد مکمل طور پر صحت یاب کرے۔مبارکباد دینے والوں میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، نائب گورنر ریاض، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل، گورنر ریاض، کمشنر جدہ، الجوف، حدود شمالیہ کے گورنرز کے نام قابل ذکر ہیں
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں