ماسکو (پی این آئی) روس کی کاروباری اور سیاسی ایلیٹ کو کورونا وائرس کی ایک تجرباتی ویکسین تک رسائی دے دی گئی ہے۔امریکہ کے کاروباری جریدے بلومبرگ کے مطابق ایلومینیم کی بڑی کمپنی یونائیٹڈ کو، رسل کے ایگزیکٹوز سمیت روس کی ارب پتی کاروباری شخصیات اور حکومتی حکام کو اپریل کے مہینے
سے ہی کورونا ویکسین کی ڈوز دی جارہی ہے، یہ تجرباتی ویکسین ماسکو کے گامالیا انسٹی ٹیوٹ میں تیار کی جارہی ہے۔ویکسین کی تیاری سے باخبر لوگوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ گامالیا ویکسین روسی حکومت کی براہ راست سرمایہ کاری سے تیار کی جارہی ہے، اس ویکسین کے فیز 1 میں ملٹری آفیشلز سمیت 40 لوگوں کو شامل کیا گیا تھا ، پہلے فیز کے نتائج عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیے گئے تاہم ویکسین کے تجربے کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا گیا ہے جس میں زیادہ بڑے گروپ کو شامل کیا گیا ہے۔روس کے صدارتی محل کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف جو کہ مئی کے مہینے میں کورونا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہوئے تھے اور اب صحتیاب ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ کسی ایسے شخص کو نہیں جانتے جسے گامالیا ویکسین دی گئی ہو۔دمتری پیسکوف سے جب پوچھا گیا کہ کیا یہ ویکسین روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو بھی دی گئی ہے تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بالکل بھی عقلمندی کی بات نہیں ہوگی کہ ریاست کے سربراہ کو ایک ایسی ویکسین دے دی جائے جس کی ابھی تصدیق ہی نہیں ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں