امریکا میں کورونا وائرس نے بڑی تباہی مچا دی، ایک دن میں ریکارڈ کیسز رپورٹ ہو گئے ، مجموعی تعداد میں ہوشربا اضافہ

واشنگٹن (پی این آئی) گزشتہ ایک مہینے کے دوران امریکہ میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کا گیارہواں ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکہ میں مجموعی طور پر 74 ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوئے جو کہ ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے یومیہ انفیکشن میں ریکارڈ کا اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز امریکہ بھر میں 74 ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوئے۔ انٹرنیشنل ملٹی میڈیا بروڈکاسٹر ثاقب الاسلام نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کا ایک مہینے کے دوران گیارہ مرتبہ ریکارڈ ٹوٹا ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز امریکہ میں 74 ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔تاہم فرانسیسی خبر رساں ادارے نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ روز امریکہ میں کورونا وائرس کے 68 ہزار 428 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 35 لاکھ 60 ہزار 364 ہو گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز امریکہ میں 974 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 38 ہزار 201 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت میں بھی کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 36 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ برازیل میں بھی کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے کیسز مجموعی متاثرین کی تعداد کو 20 لاکھ سے اوپر لے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close