ابوظبی(پی این آئی) ابوظبی کے ولی عہد اور اماراتی فوج کے نائب سربراہ شیخ محمد بن زاید نے کورونا کے خلاف طبی عملے کی بہترین خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شیخ محمد بن زاید نے اپنے طبی عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کورونا کے خلاف موثر لڑائی اور پیشہ ورانہ مہارت
کے سبب کورونا کو امارات بھر میں کراری شکست ہو رہی ہے۔طبی عملے کی خدمات کی وجہ سے ہی امارات میں گزشتہ روز کورونا کا ایک بھی مریض ہلاک نہیں ہوا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ”گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امارات بھر میں کورونا کے باعث کسی شخص کی موت نہیں ہوئی۔ ہم اپنے فرنٹ لائن ہیروز کے انتہائی شکر گزار ہیں اور لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کر رہے ہیں۔ہم اس (کورونا) چیلنج پر قابو پانے کے لیے اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہیں۔“واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا کا پہلا کیس 29 جنوری کو رپورٹ ہوا تھا، جب چینی شہر ووہان سے واپس آنے والے چینی خاندان کے چار افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ جبکہ کورونا کے باعث امارات میں پہلی بار ہلاکتیں 21 مارچ کو ہوئی تھی۔پہلا بدنصیب شخص یورپ سے واپس آنے والا 78 سالہ عرب شہری تھا جبکہ اسی روز 58سالہ ایشیائی شخص بھی دم توڑ گیا تھا۔ کورونا کا پہلا مریض ہارٹ اٹیک جبکہ دوسرا گردے فیل ہونے، دل اور سانس کی بیماری کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں آخری بار کورونا سے کسی شخص کی ہلاکت 18 اپریل کو رپورٹ ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز تک کے اعداد و شمار کے مطابق امارات میں کورونا مریضوں کی گنتی 55,573 ہو چکی ہے۔ 46,025 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں، 335 اموات ہوئی ہیں۔ ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ افراد کی گنتی 9,213 ہو گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں