برسلز(پی این آئی) کورونا وائرس سے متاثرہ وہ ملک جہاں مارچ سے جولائی کے درمیان پہلی بار کورونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئیی ہے وہ بیلجیئم ہے۔ہلاکتوں کے حوالے سے دنیا کے چوتھے نمبر پر موجود ملک بیلجیئم میں مارچ میں عالمی وبا کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی ہلاکت ریکارڈ
نہیں کی گئی ہے۔ملک کی کل ہلاکتیں 9 ہزار 878 رہیں جس سے بیلجیئم دنیا میں چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ ہلاکتوں والا ملک بن چکا ہے۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق بیلجیئم میں جس کی کل آبادی ایک کروڑ 15 لاکھ ہے، فی ایک لاکھ افراد کے حوالے سے موت کی شرح دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ہے۔صحت کے حکام کے مطابق آخری مرتبہ 9 مارچ کو بیلجیئم نے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں کی تھی۔ اس کے بعد 14 مارچ کو ملک میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا تھا۔مئی کے وسط سے سماجی دوری کی کچھ پابندیوں میں مرحلہ وار نرمیاں لائی گئی ہیں۔اس کے بعد سے ملک میں کورونا وائرس انفیکشنز کا خم چپٹا ہونا شروع ہوا ہے، اور اب تک وہاں کل 62 ہزار 781 متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں۔خیال رہے دنیا بھرمیں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ اکتیس لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اب تک اس مرض سے پانچ لاکھ اکہتر ہزار افراد انتقال کرگئے ہیں۔ جب کہ سب سے زیادہ مریض اور اموات امریکہ میں ہوئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں