سعودی عرب کی مساجد میں عید الاضحی کی نماز ہو گی یا نہیں؟ سعودی حکومت نے حتمی فیصلہ سنا دیا

ریاض (پی این آئی) سعودی حکومت نے مساجد میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات کی اجازت دے دی، وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عید کے موقع پر صرف مساجد میں ہی نماز کے اجتماعات ہوں گے، کھلے مقامات پر نماز کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ

کی آمد میں اب صرف 2 ہفتے باقی بچے ہیں، ایسے ہیں سعودی حکومت کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عید الضحیٰ کے موقع پر نماز کے اجتماعات کے انعقاد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم عید کے اجتماعات صرف مساجد کے اندر ہوں گے۔ کھلی جگہوں پر نماز کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ جبکہ نماز کی ادائیگی کیلئے تمام جاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ اسلامی مہینوں کے چاند کی رویت کی پیش گوئی کرنے والے ادارے عرب یونین اسپیس سائنس کی پیشن گوئی کے مطابق خلیجی ممالک میں عید الضحیٰ 31 جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔اس حوالے سے کچھ روز قبل جاری کی گئی رپورٹ میں عرب یونین اسپیس سائنس کے رکن ابراہیم الجروان نے بتایا تھا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات میں ذی الحج کا چاند پیر 20 جولائی کو نظر آنے کا امکان ہے۔ یوں خلیجی ممالک میں عید الاضحیٰ کی تاریخ 31 جولائی بروز جمعہ بنتی ہے۔ بتایا گیا کہ ناصرف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بلکہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی مذکورہ تاریخ پر ہی عید الاضحیٰ ہونے کا امکان ہے۔یہاں یہ واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث اس مرتبہ حج کا انعقاد محدود پیمانے پر کیا جا رہا ہے۔ رواں سال صرف چند سو افراد حج ادا کر سکیں گے۔ صرف سعودی عرب مقیم افراد کو حج ادائیگی کی اجازت ہے۔ جن افراد کو حج کی اجازت ہوگی ان میں 70 فیصد غیر ملکی اور 30 فیصد سعودی شہری ہوں گے۔ دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کئی ماہ تک مساجد بند رہیں، تاہم اب انہیں کھول دیا گیا ہے۔ مساجد میں محدود پیمانے پر نمازیوں کو نماز کی ادائیگی کی اجازت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close