ماسکو(پی این آئی)کورونا کے بعد نئی وباء سر اٹھانے لگی، روس نے بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا۔منگولیا میں ’ببونک طاعون‘ کا نیا کیس سامنے آنے کے بعد پڑوسی ملک روس نے مہلک بیماری سے بچنے کے لیے ایکشن لینا شروع کردیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 13ویں صدی کے ببونک طاعون نے ایک بار
پھر سر اٹھانا شروع کردیا ہے، ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ بیماری گلہری اور چوہے کی طرح نظر آنے والے ’مارموٹ‘ نامی جانور سے پھیلتی ہے۔اسی کے پیش نظر روس نے چین اور منگولیا سے منسلک بارڈرز پر مارموٹ کے شکار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ خیال رہے کہ چین اور منگولیا میں شہریوں کی بڑی تعداد مارموٹ کا گوشت شوق سے کھاتی ہے۔واضح رہے کہ ببونک طاعون کے کیسز اس سے قبل بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ سنہ 2017 میں مڈغاسکر میں طاعون کے 300 کیس سامنے آئے تھے۔ گزشتہ سال مئی میں منگولیا میں ہی مارموٹ نامی جانور کھانے کے بعد 2 افراد اس مرض کا شکار ہو کر ہلاک ہوگئے۔جبکہ چین ببونک طاعون کے باعث شہریوں کو مارموٹ کے شکار اور کھانے سے خبردار کرچکا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں