سعودی حکومت کا غیر ملکیوں کیلئے بڑا ریلیف، ویزوں کی تجدید کے بغیر ہی سعودی عرب واپس جانے کی اجازت دیدی گئی

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب میں موجود ایکسپائرڈ ویزہ کے حامل غیر ملکیوں کو واپس جانے کی اجازت مل گئی، سعودی وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق جو غیر ملکی کرونا وائرس بحران کے باعث اپنے ویزوں کی تجدید نہیں کروا سکے، وہ بغیر کسی جرمانے یا فیس کے سعودی عرب سے واپس جا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے مملکت میں پھنس جانے والے غیر ملکیوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ایسے تمام غیر ملکی جن کے ویزے مارچ 2020 میں ایکسپائر ہو چکے، اور ان ویزوں کی تجدید نہیں کروا سکے، انہیں اب اجازت ہے کہ وہ بنا کسی جرمانے یا فیس ادائیگی کے اپنے ممالک واپس جا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے جدہ میں قائم پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ عودہ پروگرام کے تحت وہ تمام افراد بغیر کسی جرمانے یا فیس کے سعودی عرب سے واپس جا سکتے ہیں جو کرونا وائرس کی وجہ سے اپنے ویزوں کی تجدید نہیں کروا سکے۔قونصلیٹ جنرل کے مطابق وہ تمام افراد جن کے ایگزٹ اور ری انٹری ویزے، فائنل ایگزٹ یا کسی قسم کے وزٹ یا سیاحتی ویزے بشمول عمرہ ویزے کی میعاد مارچ 2020 یا اس کے بعد ختم ہو گئی ہے اور اپنے ملک واپس جانے کے خواہشمند ہیں تو وہ اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے موجودہ حالات کی وجہ سے غیر ملکیوں کو دیا گیا یہ خصوصی ریلیف عارضی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ کی توسیع کی منظوری دی تھی۔ جبکہ ان غیر ملکیوں کے اقاموں میں بھی 3 ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی تھی جو ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک موجود ہیں، جبکہ ان کے ویزوں میں بھی اتنی ہی مدت کے لیے مفت توسیع کی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں