سعودی حکومت نے غیر ملکیوں کیلئے حج رجسٹریشن کا آغاز کر دیا، آخری تاریخ کا اعلان بھی ہوگیا

مکہ مکرمہ (پی این آئی) سعودی حکومت نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے حج رجسٹریشن کا آغاز کر دیا، حج کے خواہش مند غیر ملکی 10 جولائی تک رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، صرف منتخب افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی۔ سعودی گیزٹ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقیم

غیر ملکیوں کیلئے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اب حج ادائیگی کیلئے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی جو حج کرنے کے خواہش مند ہیں، انہیں رجسٹریشن کروانا ہوگی۔ رجسٹریشن کروانے کی آخری تاریخ 10 جولائی ہے۔ صرف چند ہی افراد کو حج کی ادائیگی کیلئے اجازت ہوگی۔ جن غیر ملکیوں کو خصوصی اجازت نامے جاری کیے جائیں گے، صرف وہی حج ادا کر سکیں گے۔محدود تعداد ہونے کے باوجود رواں سال بھی کل عازمین حج کا 70 فیصد غیر ملکی ہی ہوں گے۔گزشتہ ماہ سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ رواں سال حاجیوں کی تعداد کو محدود کرتے ہوئے سعودی عرب میں موجود ایک ہزار افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی اور دوسرے ممالک کے حاجی سعودی عرب نہیں آ سکیں گے۔سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں مسلمانوں کے سب سے مقدس مقام خانہ کعبہ کو چھونے پر پابندی ہو گی جبکہ نماز اور طواف کے دوران حاجیوں کے درمیان تین فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔اس کے علاوہ منا، مزدلفہ اور عرفات میں مناسک حج ادا کرنے کے لیے بھی صرف انہی افراد کو اجازت دی جائے گی جن کے پاس اجازت نامے ہوں گے۔بیان کے مطابق یہ اجازت نامے 19 جولائی سے دو اگست تک جاری کیے جائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ حاجیوں اور منتظمین دونوں کے لیے ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس سے قبل سعودی حکومت کی جانب سے رواں سال محدود حج کی اجازت دینے کے بعد وزارت صحت نے عازمین حج کے لیے چند دیگر ہدایات بھی جاری کی تھیں۔خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر سعودی عرب کی حکومت نے اس سال حج کرنے والے افراد کی تعداد محدود رکھنے اور صرف سعودی عرب میں ہی مقیم افراد کو (ان کی شہریت سے قطع نظر) حج کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ’عازمین حج کا پہلے مکمل طبی معائنہ ہوگا جبکہ حج کے بعد انہیں خود کو گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close