سنگاپور (پی این آئی)سنگاپور میں ایک کے بعد ایک مصیبت ،کورونا پر قابو پا لیا گیا، ڈینگی بخار نے وباء کی شکل اختیار کر لی، ہزاروں مبتلا ہو گئے، سنگاپور میں اگرچہ کورونا وائرس کی وبا کسی حد تک قابو میں ہے مگر اب وہاں ڈینگی بخار کے کیسز خطرناک حد تک بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے
مطابق سنگاپور میں ڈینگی بخار تیزی سے پھیل رہا ہے اور رواں سال ملک میں ڈینگی کے 14 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں۔سنگاپور کے صحت کے حکام کے مطابق سال کے آخر تک ڈینگی کیسز میں بے حد اضافہ ہوسکتا ہے۔ملک میں گزشتہ ہفتے ایک ہزار 468 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے ہیں جب کہ حکام کے مطابق اب تک ڈینگی سے 16 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب اگر سنگاپور میں مہلک وبا کورونا وائرس کی بات کی جائے تو ملک میں اب تک کورونا وائرس سے 44 ہزار 479 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 26 ہے۔حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ جون سے لے کر اکتوبر تک مچھروں کی افرائش کا موسم ہوتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی طرح ڈینگی مچھر کے کاٹنے کے بعد متاثرہ شخص کو 5 یا 10 دنوں میں علامات سامنے آنا شروع ہوتی ہیں جب کہ ڈینگی کی علامات بھی کورونا سے کافی حد تک ملتی جلتی ہیں جس میں تیز بخار، پٹھوں میں تکلیف اور سر درد شامل ہیں۔سنگاپور کی حکومت کی جانب سے ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جگہ جگہ ٹھہرے پانی کو ہٹانے سمیت دیگر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں