برسلز(پی این آئی)تعلیم اور پردہ میرا حق، بیلجیئم میں مسلم طالبات کا حجاب کے حق میں زبردست مظاہرہ، بیلجئیم کے اسکولوں میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی کے خلاف آج یورپین دارالحکومت برسلز میں مظاہرہ کیا گیا۔ زیادہ سے زیادہ 400 افراد کی اجازت کے اس مظاہرے میں ایک ہزار سے زائد
افراد نے شرکت کی۔مظاہرے کا اہتمام “حجابیز فائٹ بیک” نامی طالبات کی تنظیم نے بیلجیئم کی آئینی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف کیا تھا جس میں انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو اجازت دی تھی کہ وہ تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کو ہیڈ اسکارف پہننے سے روک سکتی ہے۔ سینٹرل برسلز کے علاقے مونٹ دی آرٹس میں موجود مظاہرین نے اس موقع پر ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ جب کہ انہوں نے ‘میرا پردہ میری مرضی ‘ اور ‘ تعلیم اور پردہ میرا حق ‘ کے نعرے بھی بلند کئے۔اس موقع پر خطاب کرنے والے مقررین نے کہا کہ ہیڈ اسکارف پر پابندی کا مطلب مسلم طالبات کے تعلیم کے حصول کے حق اور ان کے حق خود ارادیت کا انکار ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں